وزیراعظم شہباز شریف 20 سے 22 جنوری کو ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے ڈاووس جائیں گے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
وزیراعظم شہباز شریف 20 سے 22 جنوری تک ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے ڈاووس، سوئٹزرلینڈ کا دورہ کریں گے۔
وزیراعظم کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی دورے پر جائے گا، جس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار شامل ہوں گے۔ یہ وفد عالمی سطح پر پاکستان کے معاشی اور سفارتی مفادات کے فروغ کے لیے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لے گا۔
وزیراعظم ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے دوران عالمی رہنماؤں کے غیر رسمی سیشن میں شرکت کریں گے، جہاں عالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم پاکستان کے لیے ایک اعلیٰ سطحی بزنس راؤنڈ ٹیبل اجلاس کی میزبانی بھی کریں گے، جس میں عالمی سرمایہ کاروں اور کاروباری رہنماؤں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا جائے گا۔
دورے کے دوران وزیراعظم عالمی و علاقائی امن، معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور مختلف عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔











