طلال چودھری نے خبردار کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے انتشار پھیلایا تو سخت کارروائی ہوگی، خیبرپختونخوا میں مسائل کے باوجود صوبائی قیادت غافل ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انتشار پھیلایا تو 26 نومبر سے بھی زیادہ سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی 28 فروری کو سٹریٹ موومنٹ کی کال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ یا انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی تو سخت ایکشن ہوگا۔
طلال چودھری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی، صحت اور تعلیم جیسے مسائل موجود ہیں، جبکہ صوبائی قیادت اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برت رہی ہے۔ انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیانات پاکستان مخالف بیانیے سے ملتے جلتے ہیں۔
وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان کو جیل میں خصوصی سہولتیں دی گئی ہیں اور ان کی صحت کے حوالے سے افواہیں پھیلائی جاتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت تمام صوبے اور سیاسی جماعتیں متفق ہیں اور موجودہ کارروائیاں اسی کے تحت جاری ہیں۔
انہوں نے ایران کو برادر اسلامی ملک قرار دیتے ہوئے امن کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ افغان باشندوں کے ویزا مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔














