پی ٹی آئی نے برطانوی جریدے ‘دی اکانومسٹ’ کی بشریٰ بی بی پر رپورٹ کو بے بنیاد قرار دے کر قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سابق خاتونِ اول بشریٰ بی بی کے بارے میں برطانوی جریدے ‘دی اکانومسٹ’ میں شائع ہونے والے آرٹیکل کو بے بنیاد اور کردار کشی کی مہم قرار دیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بشریٰ بی بی جیل میں ہیں اور ایسے الزامات بدنیتی پر مبنی ہیں جن کا مقصد ان کی اور بانی پی ٹی آئی کی شہرت کو نقصان پہنچانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کو عمران خان کی اہلیہ ہونے کی وجہ سے انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ وہ بہادری سے مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ‘دی اکانومسٹ’ کا آرٹیکل اسپانسرڈ ہے اور اس میں پیش کی گئی کہانیاں حقیقت سے کوئی تعلق نہیں رکھتیں۔
واضح رہے کہ برطانوی جریدے نے اپنی رپورٹ میں عمران خان کی ذاتی زندگی اور حکومتی فیصلوں سے متعلق کئی دعوے کیے تھے، جنہیں پی ٹی آئی نے مسترد کر دیا ہے۔














