ریاض میں جاری اسلامی یکجہتی گیمز میں پاکستان کو پہلا گولڈ میڈل ملنے کی امید ہے، ارشد ندیم جیولین تھرو ایونٹ میں حصہ لیں گے۔
ریاض: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری چھٹے اسلامی یکجہتی گیمز میں پاکستان کو پہلا گولڈ میڈل ملنے کی امید ہے۔
اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم پیر کو جیولین تھرو ایونٹ میں حصہ لیں گے، ان کے ہمراہ یاسر سلطان بھی اپنی قسمت آزمائیں گے۔ توقع ہے کہ ارشد ندیم پہلی پوزیشن حاصل کر کے پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہیں گے، جبکہ یاسر سلطان سے بھی اچھی کارکردگی کی امید کی جا رہی ہے۔
دونوں قومی ایتھلیٹس اپنے کوچ سلمان بٹ کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ چکے ہیں اور ایونٹ میں شرکت کی بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں۔ ریاض میں جاری چھٹے اسلامی یکجہتی گیمز میں پاکستان اب تک 2 میڈلز جیت چکا ہے۔
فاطمہ زہرا نے خواتین باکسنگ کی 60 کلو گرام کیٹیگری میں سیمی فائنل کھیل کر برانز میڈل حاصل کیا جبکہ مردوں کی باکسنگ میں 55 کلوگرام کے ایونٹ میں قدرت اللہ نے برانز میڈل جیتا۔
پاکستان کی عروشہ سعید نے نمائشی کھیل کرش میں برانز میڈل جیتا، تاہم یہ ریکارڈ میں شامل نہیں ہوگا۔ 7 نومبر سے شروع ہونے والے یہ گیمز 21 نومبر تک جاری رہیں گے۔














