بجلی ٹیرف میں 62 پیسے فی یونٹ کمی سبسڈی صارفین کے اضافے کے باعث بے اثر ہو گئی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)بجلی کے شعبے میں سبسڈی حاصل کرنے والے صارفین کی تعداد 21 ملین تک پہنچنے سے قومی اوسط بجلی ٹیرف میں متوقع 62 پیسے فی یونٹ کمی بے اثر ہو گئی ہے۔ نیپرا نے سالانہ ٹیرف ری بیسنگ کا فیصلہ عوامی سماعت کے چند گھنٹوں بعد ہی جاری کر دیا، جس پر کاروباری حلقوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
نیپرا کے مطابق اوسط ٹیرف میں 0.62 روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے، مگر سبسڈی صارفین کی تعداد میں اضافے کے باعث یہ کمی فروخت کے مجموعی تناسب میں تبدیلی سے ختم ہو گئی ہے۔ مالی سال 22 میں 9.5 ملین سبسڈی صارفین تھے، جو جون 2025 تک 20.71 ملین ہو گئے۔
صنعتی حلقوں نے 62 پیسے فی یونٹ کمی کا فائدہ صنعتی صارفین کو منتقل نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ ان کے مطابق صنعتی کراس سبسڈی نے پاکستانی صنعت کو غیر مسابقتی بنا دیا ہے۔















