امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں مظاہرین پر طاقت کے استعمال پر کارروائی کی دھمکی دی ہے، یہ انتباہ ایران میں جاری احتجاجی مظاہروں کے پس منظر میں دیا گیا۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں جاری احتجاجی مظاہروں کے پس منظر میں ایرانی حکام کو سخت انتباہ دیا ہے کہ اگر انہوں نے مظاہرین پر طاقت کا استعمال کیا تو امریکہ فوجی کارروائی پر غور کرے گا۔ ٹرمپ نے ایرانی قیادت کو خبردار کیا کہ اگر مظاہرین پر حملے کیے گئے تو امریکہ سخت جواب دے گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ممکنہ کارروائی کے لیے امریکہ زمینی فوج نہیں اتارے گا، البتہ ایسے اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے جہاں سب سے زیادہ اثر ہو۔ انہوں نے ایرانی مظاہرین کو تحفظ کی امید ظاہر کی اور خبردار کیا کہ ماضی کی طرح مظاہرین کو قتل کیا گیا تو امریکہ مداخلت سے نہیں ہچکچائے گا۔
ایران میں جاری بے چینی کے دوران امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران میں احتجاجی مظاہروں کا دائرہ وسیع ہوچکا ہے۔ امریکی انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق مظاہروں کو ایرانی سپریم لیڈر کے لیے فوری خطرہ نہیں سمجھا جا رہا، تاہم ان کا پھیلاؤ اہم پیش رفت ہے۔
ایران میں انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق مظاہروں کے دوران متعدد مظاہرین سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے خبردار کیا کہ پرامن مظاہرین پر تشدد کی صورت میں امریکہ سخت ردعمل دے گا۔












