27 ویں آئینی ترمیم کے تحت 14 ہائی کورٹ ججز کے تبادلوں کی فہرست تیار کر لی گئی، جوڈیشل کمیشن حتمی فیصلہ کرے گا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) 27 ویں آئینی ترمیم کے تحت لاہور ہائی کورٹ کے 10 اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے 4 ججز کو دوسرے صوبوں میں ٹرانسفر کرنے کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔ ججز کو 6 ماہ سے 2 سال تک مختلف صوبائی بنچز میں تعینات کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق زیادہ تر ججز کے تبادلے بلوچستان ہائی کورٹ کے بنچ صوابی، سندھ ہائی کورٹ کے لاڑکانہ، سکھر اور میرپور خاص بنچ کے لیے تجویز کیے گئے ہیں، جن پر حتمی فیصلہ جوڈیشل کمیشن کرے گا۔
ترمیم کی منظوری کے بعد اب ہائی کورٹس کے ججز کے دوسرے صوبوں میں تبادلے کے لیے متعلقہ جج سے مشاورت ضروری نہیں رہی۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا، جسٹس فیصل زمان خان، جسٹس شاہد کریم، جسٹس ساجد محمود سیٹھی، جسٹس اسجد جاوید گھرال، جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس عاصم حفیظ، جسٹس امجد رفیق، جسٹس انور حسین اور جسٹس راحیل کامران شیخ کا تبادلہ کیا جائے گا۔
اسی طرح اسلام آباد ہائی کورٹ کے 4 ججز جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس سردار اعجاز اسحاق، جسٹس طارق محمود جہانگیری اور جسٹس بابر ستار کو بھی دوسرے صوبوں میں بھیجا جائے گا۔ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل نو کے بعد کمیٹی کا اجلاس جلد بلایا جائے گا جس میں اراکین ججز کے تبادلوں سے متعلق تجاویز پر ووٹنگ کریں گے اور اکثریت کا فیصلہ نافذ کیا جائے گا۔














