رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری، عمران خان اور ایک اور شخصیت ان پانچ بڑوں میں شامل ہیں جن کے درمیان اعتماد سازی کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ملک کی پانچ بڑی سیاسی شخصیات کے درمیان اعتماد سازی کی ضرورت ہے تاکہ صورت حال بہتر ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کے درمیان رابطہ ہوا تو ملک کی صورت حال مثبت سمت میں بڑھ سکتی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2025 میں اچھی خبریں آئیں اور امید ہے کہ 2026 مزید معاشی استحکام کا سال ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ جن سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے اداروں کے خلاف مہم چلائی جاتی ہے، انہیں بند کیا جانا چاہیے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کو سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے لاتعلقی اختیار کرنی چاہیے اور ان اکاؤنٹس کو بند کرنا چاہیے، اگر ان اکاؤنٹس سے صرف پروپیگنڈا ہی کرنا ہے تو یہ مخالف سیاسی جماعتوں کے خلاف کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کی 8 فروری کی اپیل ناکام ہوگی اور اس کے مزید نقصانات ہوں گے۔ اگر پی ٹی آئی نے احتجاج کی کال واپس نہ لی تو ان کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
رانا ثنا اللہ نے مزید بتایا کہ نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری، عمران خان اور ایک اور شخصیت ان پانچ بڑوں میں شامل ہیں جن کے درمیان اعتماد سازی کی ضرورت ہے۔













