وفاقی وزیر قانون نے ججز ٹرانسفر پر ایگزیکٹو کے اختیارات کی کمی اور فیلڈ مارشل کے اعزاز کی تاحیات بحالی کا اعلان کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم کے تحت ججز ٹرانسفر پر ایگزیکٹو کے اختیارات کم کر دیے گئے ہیں جبکہ فیلڈ مارشل کا اعزاز تاحیات ہوگا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد اعظم نذیر تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے کابینہ اجلاس کی صدارت باکو سے ویڈیو لنک کے ذریعے کی، اور مختلف آئینی ترامیم پر غور کیا گیا جنہیں سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم کا بل سینیٹ میں پیش ہونے کے بعد مشترکہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے گا، حکومت نے پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔
وزیر قانون نے کہا کہ ججز کے ٹرانسفر کے معاملے پر ایگزیکٹو کے اختیارات کم کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ یہ اختیار جوڈیشل کمیشن کو دیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ کے پی کے سینیٹ الیکشن کی تاخیر کو حل کرنے کے لیے ترمیمی تجاویز شامل ہیں اور بلوچستان اسمبلی کے حلقوں میں اضافے کی ترمیم بھی زیر غور ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مجوزہ ترمیم میں ابہام دور کیے گئے ہیں اور ایڈوائزرز کی تعداد بڑھا کر 7 کرنے کی تجویز ہے جبکہ آرٹیکل 243 میں بھی ترمیم پیش کی گئی ہے۔












