پاکستان جلد مسافر طیارے بنانے کی صلاحیت حاصل کر لے گا، ہوا بازی کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایئر مارشل (ر) جاوید احمد، صدر سینٹر فار ایروسپیس اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز نے کہا ہے کہ پاکستان جلد مسافر طیارے بنانے کے قابل ہو جائے گا کیونکہ ملک کے پاس جدید جنگی طیاروں کی تیاری کا مضبوط انفراسٹرکچر موجود ہے۔
کمپٹیشن کمیشن کے سینٹر آف ایکسی لینس میں ‘معاشی ترقی میں ایوی ایشن انڈسٹری کے کردار’ پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہوا بازی کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ سیاحت، کارگو، ٹیکنالوجی، روزگار اور قومی سلامتی کے شعبوں میں اپنی مکمل صلاحیت بروئے کار لائی جا سکے۔
کمپٹیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر سدھو نے اس موقع پر کہا کہ مختلف شعبوں کا ریگولیٹری فریم ورک پرانا ہو چکا ہے اور اسے جدید کاروباری تقاضوں اور چیلنجز کے مطابق اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔
سیمینار میں سینٹر فار ایروسپیس اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز کے ایڈوائزر ڈاکٹر عثمان ڈبلیو چوہان، کمیشن کے ممبرز اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔















