عالمی بینک نے پاکستان کو 40 کروڑ ڈالر کی منظوری دی، پنجاب کے 16 شہروں میں صفائی اور پانی کی سہولیات میں بہتری آئے گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 40 کروڑ ڈالر فنانسنگ کی منظوری دی ہے۔ یہ رقم صوبہ پنجاب کے 16 شہروں میں صفائی اور پانی کی سہولیات میں بہتری کے لئے خرچ کی جائے گی۔ منصوبے کے تحت بارش کے پانی کی نکاسی، سیوریج اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ سسٹمز کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
منصوبے سے 45 لاکھ افراد کو بہتر پانی اور صفائی کی سہولیات میسر آئیں گی، جب کہ 20 لاکھ افراد کو سولڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹمز میں بہتری کا فائدہ ہوگا۔ عالمی بینک کے مطابق، یہ منصوبہ صحت کے اخراجات اور پانی سے پیدا بیماریوں میں کمی لائے گا، اور مقامی حکومتوں کی استعداد کار بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔
منصوبے کے تحت خواتین کی نمائندگی اور سکل ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جب کہ گھریلو سطح پر صفائی اور حفظان صحت کیلئے آگاہی مہمات بھی چلائی جائیں گی۔
عالمی بینک نے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے کا ہدف بھی مقرر کیا ہے، تاکہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام اور ستھرا پنجاب پروگرام کی معاونت کی جا سکے۔














