قومی ترقی کے لیے معاشی ترقی کا پائیداری سے ہم آہنگ ہونا ضروری: فیصل کریم کنڈی

خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے قومی ترقی کے لیے معاشی ترقی کو پائیداری سے ہم آہنگ کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ قومی ترقی کے لیے جدت کو شمولیت، ٹیکنالوجی کو شفافیت اور معاشی ترقی کو پائیداری سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے یہ بات کراچی میں منعقدہ فیوچر سمٹ 2025 کے 9ویں ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

فیصل کریم کنڈی نے زور دیا کہ قومی ترقی کے لیے درست سمت کا تعین وقت کی ضرورت ہے اور نوجوان اس تبدیلی کی اصل قوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سمٹ پالیسی سازوں، ماہرین اور صنعت کاروں کے لیے پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے قابل عمل تجاویز اور شراکت داری تشکیل دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی ہمیشہ ہمت اور جدت سے جنم لیتی ہے اور پاکستان کے نوجوان اس تبدیلی کی اصل قوت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور ہمیں اپنے وسائل اور افرادی قوت کو مؤثر انداز سے بروئے کار لانا ہوگا۔

فیصل کریم کنڈی نے سرمایہ کاروں کو خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہم ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، سیاحت کے فروغ اور نوجوانوں کو با اختیار بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں