اسلام آباد کانفرنس میں طالبان حکومت کی ناکامیاں سامنے آئیں، خواتین کی حالت تشویشناک قرار دی گئی۔ علاقائی اور عالمی تحفظات کو دور کرنے میں ناکامی کا سامنا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) طالبان حکومت کے پانچ سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں ایک اہم کانفرنس منعقد کی گئی۔ اس کانفرنس کا اہتمام انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز اور ساؤتھ ایشیا ٹائمز نے مشترکہ طور پر کیا۔
کانفرنس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین، مبصرین اور سفارتی اہلکاروں نے شرکت کی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ طالبان حکومت جامع نظام لانے میں ناکام رہی ہے۔
اعلامیے کے مطابق طالبان کا شوریٰ نظام کمزور ہے اور افغان عوام ان کی ناکامیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ طالبان حکومت پر تکفیری نظریات کا غلبہ ہے جس کی وجہ سے اندرونی چپقلش بڑھ رہی ہے۔
خواتین کی تعلیم اور روزگار تک رسائی میں رکاوٹوں کو تشویشناک قرار دیا گیا۔ علاقائی اور عالمی برادری کے تحفظات دور کرنے میں بھی طالبان حکومت ناکام رہی ہے۔
یاد رہے کہ افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی کے باعث پڑوسی ممالک بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ طالبان حکومت کے مظالم کے باعث مزاحمتی گروہوں نے اپنی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔















