27 ستمبر کو اسلام آباد فتح کرنے نہیں بلکہ پرامن طور پر حقوق مانگنے کے لیے آرہے ہیں، بیرسٹر گوہر

بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد میں پرامن احتجاج ہوگا جبکہ خیبرپختونخوا کے وسائل استعمال نہیں ہوں گے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
بیرسٹر گوہر کا بیان: 27 ستمبر کو اسلام آباد میں حقوق کے لیے پرامن احتجاج

اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد فتح کرنے یا اڈیالہ جیل کا دروازہ توڑنے نہیں بلکہ پرامن طور پر حقوق مانگنے کے لیے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے 320 دن سے ملاقات نہیں ہوئی۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وسائل استعمال نہیں ہوں گے اور قافلے کی قیادت وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں عدالتوں کے احکامات پر عملدرآمد چاہیے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے گیٹ توڑنے نہیں آرہے بلکہ انصاف چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات منظور ہونا چاہیے اور سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اسپتال شفٹ کر کے علاج کرانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہے اور ملک کی ترقی چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج پاک، سعودی اور ترکیہ کے اتحاد سے پہلے کا اعلان تھا اور ہم نے کبھی رکاوٹ نہیں ڈالی۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کو سات سزائیں ہوئی ہیں اور 3 سو کیسز بنائے گئے ہیں۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ریاست کو اعتماد کی فضا بحال کرنے کی ضرورت ہے اور بانی کو علاج کی سہولت ملنی چاہیے۔

دیگر متعلقہ خبریں