بحر الکاہل میں تین طوفانوں کا خطرہ، چین، تائیوان اور جاپان متاثر

بحر الکاہل میں تین طوفانوں کا خطرہ، چین، تائیوان اور جاپان کے ساحلی علاقوں میں شدید بارش اور سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
بحر الکاہل میں تین طوفانوں کا خطرہ، چین، تائیوان اور جاپان متاثر

بیجنگ: (رائیٹ ناؤ نیوز) بحر الکاہل میں تین طاقتور طوفانوں کے خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔ ان طوفانوں سے چین، تائیوان اور جاپان کے متاثر ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ان ممالک کے ساحلی علاقوں میں لیول فور ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق طوفان گینیری، نارا اور سوڈیل خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ سوڈیل طوفان کی شدت بڑھنے کے امکانات ہیں جس سے یہ سپر ٹائیفون بن سکتا ہے۔ گینیری طوفان تائیوان سے 320 کلومیٹر دور ہے اور اس کی ہوا کی رفتار بلند ہے۔

حکام نے چین کے جنوبی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ گوانگشی، ہینان اور گوانگ ڈونگ میں بارشوں اور سیلاب کا خطرہ ہے۔ سوڈیل طوفان مشرقی بحیرہ چین کی جانب بڑھنے کی توقع ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس سال طوفانی سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ جنوری سے اب تک 20 طوفان بن چکے ہیں۔ چین، تائیوان اور جاپان میں شدید بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات ہیں۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے سمندری سرگرمیوں، فضائی و زمینی نقل و حمل اور ساحلی علاقوں میں رہنے والوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں