صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی بی ٹو بمبار حملے نے ایران کے جوہری پروگرام کو مکمل تباہ کردیا، جوہری ہتھیار بنانے سے صرف دو ہفتے دور تھا۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناؤ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں سے روکنے کے لیے وہ سو مرتبہ جنگ کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
صدر ٹرمپ نے مائیکل کوہن ریڈیو شو میں کہا کہ ایران کے خلاف امریکی کارروائیاں مؤثر رہی ہیں۔ ان کارروائیوں سے ایرانی عسکری صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ایران کی میزائل اور ڈرون بنانے کی صلاحیت میں 5 ماہ کے دوران نمایاں کمی آئی ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ اس وقت ایران شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے۔ ملک کو 300 فیصد مہنگائی اور کمزور کرنسی کا سامنا ہے۔ ایران کی فوجی تنخواہوں کی ادائیگی میں بھی مشکلات درپیش ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ امریکی بی ٹو بمبار طیاروں کے حملے میں ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر تباہ کردیا گیا ہے۔ اس حملے کے وقت ایران جوہری ہتھیار بنانے سے صرف دو ہفتے کے فاصلے پر تھا۔
یاد رہے کہ ٹرمپ نے اوباما اور بائیڈن پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے ایران کے جوہری پروگرام کو بروقت نہیں روکا۔ اگر ایران جوہری ہتھیار حاصل کرلیتا تو اسرائیل اور پورا مشرق وسطیٰ شدید خطرے میں ہوتا۔













