کپاس کی پیداوار میں غیر متوقع اضافہ، جننگ فیکٹریوں کی ریکارڈ وصولی

جننگ فیکٹریوں میں کپاس کی آمد میں ریکارڈ اضافہ، سندھ کی پیداوار میں 42 فیصد اضافہ۔ پنجاب میں کپاس کی پیداوار میں غیر معمولی فرق۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
کپاس کی پیداوار میں غیر متوقع اضافہ، جننگ فیکٹریوں کی ریکارڈ وصولی

کراچی: (رائیٹ ناؤنیوز) ناموافق موسم اور ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باوجود جننگ فیکٹریوں میں کپاس کی غیر متوقع آمد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ قومی سطح پر کپاس کی پیداوار میں 25 فیصد اضافہ ہوا، پنجاب میں 3 فیصد جبکہ سندھ میں 42 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت کی کراپ رپورٹنگ سروسز کے مطابق، پنجاب میں کپاس کی پیداوار پی سی جی اے کے اعدادوشمار سے 35 فیصد زیادہ ہے۔ 16 تا 21 اگست کے درمیان ملک میں کپاس کی پیداوار میں مزید اضافے کی توقع ہے، جس سے روئی کی قیمتوں میں کمی ہو سکتی ہے۔

چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ 15 اگست تک جننگ فیکٹریوں میں 11 لاکھ 14 ہزار گانٹھیں پہنچی ہیں، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 25 فیصد زیادہ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، پنجاب میں 3 لاکھ 79 ہزار اور سندھ میں 7 لاکھ 34 ہزار گانٹھیں پہنچی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ٹیکسٹائل ملوں نے 9 لاکھ 51 ہزار گانٹھیں خریدی ہیں جبکہ برآمد کنندگان نے 13 ہزار گانٹھیں خریدی ہیں۔ جننگ فیکٹریوں میں 1 لاکھ 63 ہزار گانٹھوں کے ذخائر دستیاب ہیں۔ پنجاب میں 112 اور سندھ میں 156 جننگ فیکٹریاں فعال ہیں۔

یاد رہے کہ پی سی جی اے کے مطابق، پنجاب میں کپاس کی پیداوار 3 لاکھ 79 ہزار گانٹھ ہے جبکہ کراپ رپورٹنگ سروسز کے مطابق یہ 5 لاکھ 85 ہزار گانٹھ ہے۔ سندھ سے 60 تا 70 ہزار گانٹھیں پنجاب منتقل کی گئی ہیں، جس سے وہاں کی پیداوار متاثر ہو سکتی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں