امیتابھ بچن نے ممبئی کی پراپرٹی کرائے پر دے کر ماہانہ 33 لاکھ روپے کی آمدنی حاصل کی۔ یہ معاہدہ نیوٹریشن کمپنی کے ساتھ پانچ سال کے لیے ہوا ہے۔
ممبئی: (رائیٹ ناؤنیوز) بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن نے ممبئی میں اپنی تجارتی پراپرٹی کے تین فلورز کرائے پر دے دیے ہیں۔ اس معاہدے سے انہیں ہر ماہ 33 لاکھ بھارتی روپے کا کرایہ ملے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، امیتابھ بچن نے اندھیری ویسٹ میں واقع ‘سگنیچر بلڈنگ’ کے تین فلورز نیوٹریشن کمپنی ‘ٹرو نیٹوو ایف-بی پرائیویٹ لیمٹڈ’ کو پانچ سال کے لیے لیز پر دیے ہیں۔ کمپنی کو 9 مخصوص پارکنگ مقامات بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
پراپرٹی رجسٹریشن دستاویزات کے مطابق، لیز کا آغاز 15 اگست 2026 سے ہوا ہے جبکہ معاہدہ 7 اگست کو رجسٹر ہوا تھا۔ تینوں فلورز کا مجموعی رقبہ 8 ہزار 428 مربع فٹ ہے اور پانچ سالہ معاہدے کی کل قیمت 21.88 کروڑ بھارتی روپے ہے۔
معاہدے میں سالانہ کرائے میں 5 فیصد اضافے کی شرط بھی شامل ہے، جو ہر سال لاگو ہو گی۔
یاد رہے کہ امیتابھ بچن کی سرمایہ کاری صرف ممبئی تک محدود نہیں ہے، انہوں نے رواں سال مارچ میں ایودھیا میں 2.67 ایکڑ زمین 35 کروڑ بھارتی روپے میں خریدی تھی۔













