آزاد کشمیر کے انتخابات میں سردار عتیق احمد خان کی اپنی آبائی نشست پر شکست، سردار ساجد اقبال نے دگنے ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
باغ: (رائیٹ ناؤ نیوز) آزاد کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ایل اے 14 ضلع باغ میں بڑا اپ سیٹ ہوا۔ مسلم کانفرنس کے سردار عتیق احمد خان اپنی آبائی نشست پر شکست کھا گئے ہیں۔
ضلع باغ اور حویلی کی 4 نشستوں پر پیر کو پولنگ ہوئی۔ ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ایل اے 14 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں سردار عتیق احمد شکست سے دوچار ہوئے۔
جموں و کشمیر دست و بازو پارٹی کے سردار ساجد اقبال نے 40 ہزار 702 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ سردار عتیق نے 19 ہزار 542 ووٹ لیے۔ ساجد اقبال نے دگنے سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔
یہ نشست سردار عتیق کی آبائی ہے جہاں ان کے والد بھی کامیاب ہوتے رہے ہیں۔ ایل اے 15 پر پیپلزپارٹی کے ضیاء قمر کو برتری حاصل ہے۔
یاد رہے کہ ایل اے 16 پر مسلم لیگ (ن) کے سردار میر اکبر خان آگے ہیں جبکہ ایل اے 17 حویلی کی نشست پر پیپلزپارٹی کے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور برتری رکھتے ہیں۔











