انٹرمیڈیٹ آرٹس ریگولر 2026 کے نتائج کا اعلان، اقرا حفاظ گرلز کالج کی طالبہ انشراح بنت محمد توفیق نے اول پوزیشن حاصل کی۔
کراچی: (رائیٹ ناؤ نیوز) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت آرٹس ریگولر کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ اقرا حفاظ گرلز سائنس کالج کی انشراح بنت محمد توفیق نے 926 نمبرز لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے بتایا کہ دوسری پوزیشن گورنمنٹ ڈگری کالج گڈاپ کے عاقب رزاق نے 919 نمبرز کے ساتھ حاصل کی جبکہ تیسری پوزیشن اقرا حفاظ گرلز کالج کی حمیرا نے 918 نمبرز کے ساتھ حاصل کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں سرکاری تعلیمی اداروں کی نمایاں کامیابیاں سندھ میں تعلیمی معیار کی بہتری کا ثبوت ہیں۔
ناظم امتحانات زرینہ راشد نے کہا کہ 10 ہزار 459 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، جن میں سے 10 ہزار 2 شریک ہوئے اور 4526 کامیاب قرار پائے، کامیابی کا تناسب 45.25 فیصد رہا۔
واضح رہے کہ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ اور آفیشل اینڈرائڈ ایپ پر دستیاب ہیں، جو گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤنلوڈ کی جا سکتی ہے۔














