دیر بالا میں طوفانی بارشوں نے پل بہا دیا، مرکزی شاہراہ بند۔ سیاح و مسافر مختلف مقامات پر پھنس گئے۔
اپر دیر: (رائیٹ ناؤ نیوز) دیر بالا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ ندی نالوں میں طغیانی کے باعث صورتحال تشویشناک ہوگئی ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق انکار مدرسہ کے قریب سیلابی ریلے نے مرکزی شاہراہ کو بند کر دیا ہے۔ گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور مسافر و سیاح پھنس گئے ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں سے ایک رابطہ پل بہہ گیا ہے۔ کئی علاقوں کی سڑکیں متاثر ہو کر بہہ گئی ہیں، جس سے آمدورفت کا نظام متاثر ہوا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق برساتی نالے میں طغیانی کے دوران ایک گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہے۔ فوری طور پر جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
یاد رہے کہ دیر بالا میں ہر سال مون سون کے دوران طوفانی بارشیں معمول کا حصہ ہیں، جو اکثر سیلابی صورتحال پیدا کرتی ہیں۔












