پی آئی اے پرواز میں ہنگامہ آرائی کے بعد سات مسافر گرفتار، دبئی سے اسلام آباد روانگی میں تاخیر

دبئی سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے پرواز میں تاخیر پر ہنگامہ آرائی، سیکیورٹی نے سات مسافروں کو گرفتار کر لیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پی آئی اے پرواز میں ہنگامہ آرائی کے بعد سات مسافر گرفتار، دبئی سے اسلام آباد روانگی میں تاخیر

دبئی: (رائیٹ ناؤ نیوز) دبئی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 212 میں ہنگامہ آرائی کے بعد سات مسافروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ پرواز میں تاخیر کے باعث مسافروں نے طیارے میں بد نظمی کی جس پر سیکیورٹی اہلکاروں کو مداخلت کرنا پڑی۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے بتایا کہ آپریشنل تاخیر کے بعد بعض مسافروں نے طیارے میں ہنگامہ کیا، جنہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ خطے کی صورتحال کے باعث دبئی سے روانگی میں ساڑھے تین گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔

ترجمان کے مطابق دبئی ایئرپورٹ حکام نے حفاظتی تدابیر کے تحت پروازوں کے درمیان وقفہ مقرر کیا تھا۔ طیارے میں موجود مسافروں کو انتظار کے دوران زمین پر کھانا فراہم کیا گیا۔

فلائٹ عملے نے کاک پٹ میں داخلے کی کوشش کو ناکام بنایا، مگر ایک مسافر نے کھڑکی کو نقصان پہنچایا۔ دبئی سیکیورٹی حکام نے طیارے کا دروازہ کھلوا کر ہنگامہ کرنے والے مسافروں کو حراست میں لے لیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ شب اسلام آباد ایئرپورٹ سے دبئی جانے والی ایمریٹس کی فلائٹ بھی لیٹ ہوئی تھی۔ مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے باعث پروازوں میں تاخیر ہوئی جس سے مسافر متاثر ہوئے۔

دیگر متعلقہ خبریں