روی چندرن ایشون نے بھونیشور کمار کی شمولیت کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کی وکٹوں پر بھونیشور کا تجربہ ٹیم کے لیے فائدہ مند ہوگا۔
ممبئی: (رائیٹ ناؤ نیوز) بھارتی سابق اسپنر روی چندرن ایشون نے بھونیشور کمار کو ورلڈکپ 2027 اسکواڈ میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایشون کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کی کنڈیشنز میں بھونیشور کا تجربہ ٹیم کے لیے اہم ہو سکتا ہے۔
ایشون نے کہا ہے کہ سلیکٹرز کو بھونیشور کمار کو فرسٹ کلاس کرکٹ اور وجے ہزارے ٹرافی کھیلنے کا موقع دینا چاہیے۔ اس سے وہ ورلڈکپ کے لیے مکمل طور پر تیار ہو سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی افریقا کی سیمنگ وکٹوں پر بھونیشور کمار جیسے بولر کا ہونا ضروری ہے۔ ان کے مطابق ایسے وکٹوں پر بھونیشور کی سوئنگ بولنگ ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ 36 سالہ بھونیشور کمار 2022 کے بعد بھارتی ٹیم سے باہر ہیں، لیکن حالیہ آئی پی ایل میں انہوں نے بہترین کارکردگی دکھائی۔
یاد رہے کہ اگر بھونیشور کو ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کیا گیا تو وہ 37 برس کی عمر میں بھارتی پیس اٹیک کے سب سے تجربہ کار فاسٹ بولر ہوں گے۔















