پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے اشتعال انگیز بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے الزامات کا مقصد کشمیر پر قبضے سے توجہ ہٹانا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے اشتعال انگیز بیانات کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جموں و کشمیر تنازع اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے۔ بھارتی وزیر دفاع کا بیان جموں و کشمیر تنازع کے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر پر قبضے سے توجہ ہٹانا ہے۔ بھارتی حکومت علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ بھارت پاکستانی عوام اور حکومت کے عزم کو کمزور نہ سمجھے۔ پاکستان کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے اس عزم کا مظاہرہ کیا۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت خطے میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے۔ عالمی برادری بھارت کے جارحانہ طرز عمل کا نوٹس لے۔
واضح رہے کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی ضمانت سلامتی کونسل کی قراردادوں میں شامل ہے۔ اقوام متحدہ بھارت کو سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل نہ کرنے پر جوابدہ ٹھہرائے۔













