پشاور میں مسلسل بارشوں کے باعث دریائے کابل اور سندھ کے سنگم پر سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔
پشاور: (رائیٹ ناؤنیوز) خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے باعث دریائے کابل اور دریائے سندھ کے پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے۔ نوشہرہ کے کنڈ خیر آباد میں دونوں دریاؤں کے سنگم پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد بڑھنے سے اسپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔ کنڈ خیر آباد کے مقام پر دریائے سندھ اور دریائے کابل کے سنگم پر پانی کی سطح مزید بڑھ گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو دریاؤں کے کناروں سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر کناروں پر آباد افراد کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
پشاور اور گرد و نواح میں دو روز کے وقفے کے بعد بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔ ہلکی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 29 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔












