مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کے شیروں کا جذبہ پیسوں سے نہیں خریدا جاسکتا، پنجاب بھر میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔
کوٹلی: (رائیٹ ناؤ نیوز) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے شیروں کا جذبہ پیسوں سے نہیں خریدا جاسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں ہزاروں کلومیٹر سڑکیں تعمیر ہو رہی ہیں اور نواز شریف کے شیروں کو کسی جھانسے میں نہیں لایا جاسکتا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب بھر میں ایک ہزار سے زائد کلینک سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کا دعویٰ غلط ہے کہ مریم نواز کا پنجاب صرف لاہور تک محدود ہے، کیونکہ لاہور کی طرح دیگر شہروں میں بھی ترقی ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ن لیگ نے سڑکوں کا جال بچھا دیا ہے اور قیادت عوام کی امنگوں کی ترجمان بن چکی ہے۔ نواز شریف کے دور میں پاکستان اور آزاد کشمیر نے یکساں ترقی کی، جس کی نشانیاں پورے ملک میں موجود ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب کے تمام 41 اضلاع میں واسا کی موجودگی ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی گرین بسیں کوٹلی میں بھی جلد آئیں گی۔ آزاد کشمیر میں میڈیکل ڈسٹرکٹس اور کارڈیالوجی سینٹرز بنیں گے، جبکہ نوجوانوں کو لیپ ٹاپس اور اسکالرشپس ملیں گے۔
واضح رہے کہ مریم نواز آزاد کشمیر میں صاف ستھرا کشمیر منصوبہ دیں گی اور وزیراعظم کے ساتھ مل کر آزاد کشمیر کو سیف سٹی منصوبہ بھی فراہم کریں گی۔ کشمیری عوام کو اپنے ووٹ کا استعمال سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے۔













