ایرانی فوج نے آبنائے ہرمز میں امریکی اتحادیوں کی نقل و حرکت کو مشکل بنانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام ایران کی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
تہران: (رائیٹ ناؤنیوز) ایرانی فوج نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے امریکی اتحادیوں کی آمدورفت میں مشکلات پیدا کی جائیں گی۔ فوجی حکام کا کہنا ہے کہ کوئی ملک آبنائے ہرمز کو فوجی سازوسامان کی منتقلی کے لیے استعمال نہیں کر سکے گا۔
ایرانی فوج کی رپورٹ کے مطابق بعض ممالک برسوں سے آبنائے ہرمز کی تزویراتی اہمیت سے فائدہ اٹھاتے رہے ہیں۔ ان ممالک نے حالیہ عرصے میں ایران کے دشمنوں کا ساتھ دیا ہے، جس پر ایران نے اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایرانی فوج نے مزید کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کو آئندہ آبنائے ہرمز عبور کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایران نے اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے اہم دفاعی اقدامات اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز دنیا کی اہم بحری گزرگاہوں میں سے ایک ہے، جہاں سے عالمی توانائی کی بڑی مقدار بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچتی ہے۔ کسی بھی کشیدگی کی صورت میں عالمی تجارت اور تیل کی قیمتوں پر فوری اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ ایرانی فوج کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ یمن کے حوثیوں کی سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کے اعلان کے بعد مشرق وسطیٰ میں سمندری راستوں کی سلامتی کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔














