پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات میں نئی جہت دینے کا عزم، زراعت اور توانائی میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند کی ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، توانائی اور آٹو انڈسٹری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
ملاقات میں کینیڈا کی وزیر خارجہ نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقات کی۔ دونوں ممالک نے غیرقانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ اقدامات تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
کینیڈین وزیر خارجہ نے کہا کہ کینیڈا پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو نئی جہت دینا چاہتا ہے۔ اس دوران دونوں ممالک نے زراعت، کان کنی، توانائی اور آٹو پارٹس کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے کینولا درآمد کے لیے فائیٹوسینیٹری پروٹوکول کی تقریب میں شرکت کی۔ انیتا آنند نے پاکستانی نژاد کینیڈین کمیونٹی کو دونوں ممالک کے درمیان اہم پل قرار دیا۔
واضح رہے کہ کینیڈین وزیر خارجہ نے محسن نقوی سے ملاقات میں سائبر کرائمز کی روک تھام پر بھی گفتگو کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔















