ایف آئی اے نے پاکستانی نوجوانوں کے یورپ جانے کے نئے روٹس کی نشاندہی کی، جن میں ملائیشیا، ازبکستان، موریطانیہ اور سینیگال شامل ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) یورپ جانے کے خواہشمند پاکستانیوں نے اداروں کی سخت نگرانی کے باعث ڈنکی لگانے کے لیے نئے روٹس تلاش کر لیے ہیں۔ ایف آئی اے نے حالیہ کیسز کی تفتیش کے دوران ان نئے روٹس کا سراغ لگایا ہے۔
ایف آئی اے کی تحقیقات کے مطابق، نوجوان اب ملائیشیا، ازبکستان، موریطانیہ اور سینیگال کے ذریعے یورپ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان ممالک کے راستے اختیار کرنے کا انکشاف حالیہ کیسز کی تفتیش میں ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق، اسمگلرز پاکستانیوں کو پہلے ویزے پر ملائیشیا لے جاتے ہیں۔ وہاں سے سمندری اور زمینی راستوں کے ذریعے مصر پہنچایا جاتا ہے، جہاں سے لیبیا اور پھر یورپ میں داخل کرایا جاتا ہے۔
ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق، دوسرا نیا روٹ ازبکستان سے ہو کر جاتا ہے۔ پاکستانی نوجوانوں کو ویزا لگوا کر پہلے ازبکستان لے جایا جاتا ہے اور وہاں سے بیلاروس اور پھر پولینڈ پہنچایا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ تیسرے روٹ میں موریطانیہ اور سینیگال کے ذریعے نوجوانوں کو کشتیوں پر اسپین کے کینری آئی لینڈز پہنچایا جاتا ہے، جو افریقی ساحل سے 100 کلومیٹر دور ہیں۔













