قومی اسمبلی کی کمیٹی نے ملک بھر میں موبائل سروس کے معیار پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے بنیادی مسائل کی نشاندہی کی اور فائیو جی کے آغاز کو بہتری کا اشارہ دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ملک بھر میں موبائل سروس کے معیار پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت امین الحق نے کی، جبکہ مختلف شہروں میں ناقص سروس پر ارکان نے کھل کر تنقید کی۔
کمیٹی رکن مہیش کمار نے کہا ہے کہ ملک میں موبائل سروس کی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق پنجاب میں بھی حالات بہتر نہیں اور سندھ میں صورتحال مزید ابتر ہے۔
صادق میمن نے بتایا کہ اسلام آباد اور کراچی میں بھی کالز کا معیار غیر تسلی بخش ہے۔ کراچی میں بعض نیٹ ورکس کی سروس انتہائی ناقص ہے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ مسائل بنیادی نوعیت کے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ڈیٹا کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور صارفین کا اوسط خرچ کم ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی اے کے چیئرمین نے کمیٹی کو بتایا کہ ادارہ ضلعی سطح پر سروس کا سروے کر رہا ہے۔ جبکہ فائیو جی کے آغاز کے بعد سروس کے معیار میں بتدریج بہتری آئے گی۔















