قومی اسمبلی کمیٹی اجلاس میں انکشاف، ایک شخص کے نام سارے ٹول پلازے۔ آئندہ اجلاس میں چیئرمین این ایچ اے طلب۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں انکشاف ہوا کہ ایک شخص نے کئی کمپنیاں بنائیں اور تمام ٹول پلازے اسی کو دیے گئے۔ اس کا انکشاف سید حفیظ الدین کی زیر صدارت اجلاس میں ہوا۔
اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی عدم تکمیل پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔ این ایچ اے حکام نے فنڈز کی عدم فراہمی کو تاخیر کی وجہ بتایا۔ حکام نے کہا کہ بروقت فنانسنگ منصوبوں کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنا سکتی ہے۔
حکام نے بتایا کہ ملک بھر میں 109 ٹول پلازے بنائے گئے ہیں جن میں سے 90 کی ٹینڈرنگ مکمل ہو چکی ہے۔ این ایل سی کو 10 ٹول پلازے دیے گئے جبکہ باقی نجی کمپنیوں کے پاس ہیں۔
کنوینیئر کمیٹی نے کہا کہ ایک ہی شخص نے کئی کمپنیاں بنائی ہیں اور سارے ٹول پلازے اسی کو دیے گئے ہیں۔ یہ معاملہ اخباروں میں بھی سامنے آ چکا ہے اور سندھ میں عام ہے۔
واضح رہے کہ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں ٹینڈرنگ دستاویز اور چیئرمین این ایچ اے کو طلب کیا ہے۔ ان کی غیر حاضری پر ان کے خلاف تحریک استحقاق لانے کا انتباہ دیا گیا۔












