وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش عالمی منڈیوں میں غیر یقینی کا سبب بنی ہے، جس سے پیٹرولیم قیمتوں پر اثر مرتب ہو رہا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش سے عالمی توانائی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ اس کا اثر پیٹرولیم قیمتوں پر بھی ہو رہا ہے۔
وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کی صدارت علی پرویز ملک نے کی۔ اجلاس میں پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کے نظام میں اصلاحات پر غور کیا گیا۔
کمیٹی نے عالمی مارکیٹ کے تناظر میں پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کے مختلف طریقہ کار کا جائزہ لیا۔ سفارش پیش کی گئی کہ عوام کو پیٹرولیم قیمتوں کی معلومات فراہم کی جائیں۔
اجلاس میں پیٹرولیم پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ کو شفاف نظام کے تحت چلانے پر اتفاق ہوا۔ تیل کی سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئے اقدامات پر زور دیا گیا۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش کی وجہ سے توانائی منڈیوں میں عدم استحکام بڑھ گیا ہے۔ پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں بنگلا دیش، سری لنکا اور ترکیے سے کم ہیں۔













