پاکستان نے ایران سے متعلق سلامتی کونسل اجلاس میں کشیدگی میں کمی اور سفارتکاری جاری رکھنے پر زور دیا۔ عاصم افتخار نے مذاکرات کو ترجیح دینے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
نیویارک: (رائیٹ ناؤ نیوز) ایران سے متعلق سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان نے کشیدگی میں کمی اور سفارتکاری جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔ اجلاس میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے خطے میں موجودہ کشیدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔
عاصم افتخار نے کہا کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، استحکام کے لیے سفارتکاری کا عمل جاری رہنا ضروری ہے۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور مذاکرات کو ترجیح دیں۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ ثالثی کے دوران بیان بازی سے گریز کیا جائے تاکہ سفارتکاری کو نقصان نہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور خطے میں امن کے لیے مستقل رابطے کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور دیگر ثالثوں کی کوششوں سے فریقین کے درمیان بات چیت میں پیش رفت ہوئی ہے، جسے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات اور پرامن ذرائع ہی مؤثر راستہ ہیں۔
یاد رہے کہ امریکا اور ایران نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر عملدرآمد یقینی بنانے کا عزم کیا ہے۔ عاصم افتخار نے امریکا اور ایران پر زور دیا کہ وہ ایم او یو کی پاسداری کریں۔













