پاکستان نے اقوام متحدہ میں جنسی تشدد کے خاتمے کے لیے عالمی اقدامات پر زور دیا ہے۔ سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ جنسی تشدد کو جنگ میں ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔
نیویارک: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جنسی تشدد کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز عالمی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستانی مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا کہ جنسی تشدد کو جنگ میں خوف و جبر کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔
عاصم افتخار احمد نے کہا کہ ایسے جرائم متاثرین کی زندگیاں تباہ کرتے، خاندانوں کو بکھیرتے اور معاشروں میں دیرپا زخم چھوڑ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں ہر مسلح تنازعہ اور غیر ملکی قبضے میں یکساں احتساب کو یقینی بنایا جائے۔
پاکستان نے متاثرین کے لیے طبی، نفسیاتی، قانونی اور معاشی مدد کی فراہمی کو ضروری قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف اور وقار کی بحالی عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
پاکستان نے خواتین کے تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی قانون پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستان ہمیشہ سے جنسی تشدد کے خاتمے کے لیے آواز اٹھاتا رہا ہے۔ پاکستان کی کوشش رہی ہے کہ عالمی سطح پر اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیا جائے۔












