اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھارت سے غیرمعمولی حمایت کا دعویٰ کیا ہے۔ ان کے مطابق تقریباً ڈیڑھ ارب کی آبادی والے ملک کے لوگ اسرائیل کی حمایت کرتے ہیں۔
تل ابیب: (رائیٹ ناؤ نیوز) اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ بھارت میں اسرائیل کو بھرپور حمایت حاصل ہے۔ ان کے مطابق تقریباً ڈیڑھ ارب کی آبادی والے ملک کے لوگ اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں۔
نیتن یاہو نے یہ بات امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے بیان پر ردعمل دیا، جس میں کہا گیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہی اسرائیل کے واحد طاقتور اتحادی ہیں۔
نیتن یاہو نے وضاحت کی کہ اگرچہ ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل کے بہترین دوست ہیں، لیکن وہ واحد دوست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی عوام ہمیں زبردست حمایت فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے اپنے فیس بک پیج پر بھارتی صارفین کی جانب سے ملنے والی حمایت کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بھارت میں اسرائیل کے لیے عوامی حمایت موجود ہے۔
واضح رہے کہ جے ڈی وینس نے امریکی اور ایرانی مفاہمتی یادداشت پر اسرائیلی ردعمل کے بعد بیان دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ہی اسرائیل کے ساتھ ہمدردی رکھنے والے واحد عالمی رہنما ہیں۔















