نادرا نے قومی شناختی کارڈ کے پتہ تبدیلی کے عمل کو آسان بنانے کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ کرائے دار اور مکان مالکان دونوں ان ہدایات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے قومی شناختی کارڈ پر گھر کا پتہ تبدیل کرنے کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ یہ ہدایات شہریوں کی سہولت کے لیے پیش کی گئی ہیں تاکہ وہ بآسانی پتہ تبدیل کرا سکیں۔
نادرا کے ویڈیو پیغام میں بتایا گیا ہے کہ کرائے دار اور مکان مالکان دونوں اپنے شناختی کارڈ پر پتہ تبدیل کر سکتے ہیں۔ کرائے داروں کو کرایہ نامہ اور بجلی کے بل کی کاپی پیش کرنا ہوگی۔
اگر کرائے دار اپنے موجودہ مکان کا پتہ مستقل طور پر درج کرانا چاہے تو مالک مکان کا بیانِ حلفی بھی ضروری ہوگا۔ اس میں مالک مکان کی جانب سے اعتراض نہ ہونے کی تصدیق شامل ہونا چاہیے۔
نادرا نے وضاحت کی ہے کہ اگر مکان شہری کی ملکیت میں ہو تو جائیداد کے اصل کاغذات نادرا آفس میں پیش کرنے ہوں گے۔ ان دستاویزات کو اسکین کر لیا جائے گا، فوٹو کاپی کی ضرورت نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پتہ تبدیل کرانے کے لیے تمام دستاویزات مکمل رکھیں تاکہ درخواست کی کارروائی بروقت مکمل ہو سکے۔












