اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے وفد کو راولپنڈی کہوٹہ روڈ پر روکا گیا، جس کے بعد اپوزیشن نے دھرنا دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے ہمراہ وفد کو راولپنڈی کہوٹہ روڈ پر روک دیا گیا۔ وفد آزاد کشمیر جا رہا تھا جب پولیس نے انہیں روکا۔
پولیس کی جانب سے روکے جانے پر اپوزیشن رہنماؤں نے آزاد پتن شاہراہ پر دھرنا دیا۔ دھرنے میں اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ ناصر عباس، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، مصطفیٰ نواز کھوکھر اور مہتاب عباسی شامل تھے۔
دھرنا ختم کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کشمیریوں کے مسائل کا حل نکالنے کی کوشش کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سچ بولنے کا فیصلہ کیا، مطالبات غلط ہوتے تو کہتے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ حکومت نے جلتی پر تیل ڈالا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کشمیریوں کے مسائل حل کرنا چاہتے تھے اور ان کے شکوے شکایتیں سننا چاہتے تھے۔
یاد رہے کہ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کئی وفود آئے کہ کشمیر میں کشیدگی کو کم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نیک ارادے سے جا رہے تھے اور یہ سفر ضروری تھا۔












