سولر پینلز کی قیمتوں میں ہزاروں روپے کا اضافہ، 585 واٹ کا پینل 27 ہزار تک پہنچ گیا۔ بجٹ سے پہلے صارفین میں تشویش۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی بجٹ کی آمد سے پہلے ہی سولر انڈسٹری میں قیمتوں کا نیا رجحان دیکھا گیا ہے۔ مختلف صلاحیت کے سولر پینلز کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، مارکیٹ میں سولر پینلز کی قیمتوں میں اس اچانک اضافے نے صارفین اور سرمایہ کاری کے خواہشمند افراد کی تشویش بڑھا دی ہے۔
مارکیٹ ذرائع نے بتایا ہے کہ سولر پینلز کی فی پلیٹ قیمت میں 7 ہزار سے 9 ہزار روپے تک اضافہ ہوا ہے۔ 585 واٹ کا سولر پینل اب 27 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔
اسی طرح، 645 واٹ کے سولر پینل کی قیمت 22 ہزار روپے سے بڑھ کر 31 ہزار 200 روپے ہو گئی ہے۔ 720 واٹ کے پینل کی قیمت 25 ہزار روپے سے بڑھ کر 33 ہزار 500 روپے تک جا پہنچی ہے۔
یاد رہے کہ مارکیٹ حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ صرف سولر پینلز نہیں بلکہ انورٹرز کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان ہے۔













