پیپلزپارٹی اور حکومت کے بجٹ مذاکرات میں رکاوٹ، سینئر قیادت کے درمیان ملاقات متوقع۔ بجٹ 10 جون کو پیش ہوگا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) بجٹ تجاویز پر پیپلزپارٹی اور حکومت کے درمیان اختلافات برقرار ہیں۔ دونوں جماعتوں کے درمیان مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔
بدھ کو پیپلزپارٹی اور حکومت کے درمیان بجٹ کے حوالے سے مذاکرات میں بھی کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔ ذرائع کے مطابق یہ معاملہ اب سینئر قیادت کی سطح پر زیر بحث آئے گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پیپلزپارٹی اور حکومت کی سینئر قیادت کے درمیان اگلے ایک دو روز میں ملاقات ہوگی۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری سے ملاقات کریں گے۔
حکومت نے 10 جون کو بجٹ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مذاکرات کا نتیجہ جو بھی ہو، بجٹ اجلاس 10 جون کو ہی منعقد ہوگا۔
یاد رہے کہ منگل کو حکومت نے وفاقی بجٹ 5 جون کو پیش کرنے کا فیصلہ مؤخر کیا تھا۔ وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ 10 جون کو پیش ہونے والے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔













