ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی مذاکرات کاروں کو چالاک قرار دیا، مگر امریکی موقف مضبوط ہونے کا دعویٰ کیا۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناؤ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی مذاکرات کاروں کو چالاک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مضبوط پتے ہمارے ہاتھ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی معاہدہ قبول نہیں کریں گے جو امریکا کے مفاد میں نہ ہو۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایرانی نیوی اور فضائیہ کو تباہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں ہمارا موقف مضبوط ہے کیونکہ ہم عسکری طور پر انہیں شکست دے چکے ہیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ہم نے ایران کی فوج کو بڑی حد تک نہیں چھیڑا، کیونکہ وہ نسبتاَ معتدل ہے۔ تاہم، کچھ دوسرے عناصر کو ختم کر دیا گیا ہے۔
ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ عراق کو مکمل تباہ کرنا بڑی غلطی تھی اور ہمیں عراق نہیں جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایران بھی نہیں جانا چاہیے تھا، لیکن ان کے جوہری ہتھیاروں کی صلاحیت کو ختم کرنا ضروری تھا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے کہا کہ جنگوں میں ایسی غلطیاں ہو چکی ہیں جہاں سب کچھ تباہ کر دیا جاتا ہے اور پھر ملک 40 سال تک دوبارہ کھڑا نہیں ہو پاتا۔














