وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ امن دستوں کے عالمی دن پر پاکستان کے تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ امن دستوں کے عالمی دن پر پیغام میں اقوام عالم کے ساتھ مل کر امن کے سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے عالمی امن کے لیے پاکستان کے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج کا دن دنیا کے جنگ زدہ علاقوں میں عسکری اور سویلین دستوں کی قربانیوں کے اعتراف میں منایا جاتا ہے۔ اس سال یہ دن ‘امن کے فروغ میں سرمایہ کاری’ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو پائیدار عالمی امن اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے سیاسی حمایت اور مالی معاونت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ یہ دن اقوام متحدہ کے پہلے امن مشن یو این ٹی ایس او (UNTSO) کے قیام کی یاد بھی تازہ کرتا ہے، جس نے 1948 میں فلسطین میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ اب تک 20 لاکھ سے زیادہ مرد و خواتین 70 سے زائد امن مشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ امن دستوں کے سب سے دیرینہ اور بڑے شراکت دار ممالک میں شامل ہے۔ یہ کردار بلاشبہ اجتماعی طور پر امن کی ترجیحات کا آئینہ دار ہے، جو پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں کئی دہائیوں سے خدمات انجام دے رہا ہے اور عالمی سطح پر امن کی کوششوں میں اہم کردار ادا کرتا آیا ہے۔















