ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ جنگ بندی معاہدے کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جو خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستان کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ جنگ بندی اور امن معاہدے کی تفصیلات منظر عام پر آ گئی ہیں۔ ایرانی سرکاری ٹی وی نے بتایا ہے کہ امریکا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔
مسودے میں ایران نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کو ایک ماہ کے اندر بحال کرنے کی تجویز دی ہے۔ امریکا نے ایران کے اطراف اپنی فوجی موجودگی کم کرنے اور بحری ناکہ بندی اٹھانے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ امریکی جنگی بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز میں آزادانہ آمد و رفت کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق، ایران اور عمان مل کر آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک کا انتظام کریں گے۔
یہ فریم ورک ابھی حتمی شکل اختیار نہیں کرسکا، کیوں کہ ایران کسی بھی معاہدے پر عملی اور ٹھوس تصدیق چاہتا ہے۔ ایران کی خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ یہ معاہدہ ایک کثیر سطحی امن عمل کا حصہ ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ اگر 60 روز میں فریقین نے حتمی معاہدہ طے کر لیا تو اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایک پابند قرارداد کے طور پر منظور کیا جائے گا۔













