ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کو امریکی ویزا نہ ملنے پر اقوام متحدہ اجلاس میں شرکت ناممکن۔ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ ملاقات کا امکان بھی ختم۔
نیویارک: (رائیٹ ناؤ نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکی ویزا نہیں ملا۔ اس کے باعث وہ نیویارک میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
اجلاس کا موضوع ‘اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کا تحفظ’ ہے۔ یہ اجلاس چینی صدارت میں ہو رہا ہے، جس میں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور ایران امریکا تعلقات پر بات چیت متوقع ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ ویزا مسائل کی وجہ سے ایرانی وزیر خارجہ کی شرکت ممکن نہیں رہی۔ چینی وزیر خارجہ وانگ یی اس اجلاس کی سربراہی کریں گے۔
اجلاس میں پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی شرکت متوقع ہے جو مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ چین نے اس اجلاس کو عالمی نظام پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے تناظر میں اہم قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ ایران سلامتی کونسل کا رکن نہیں ہے، عباس عراقچی کو خصوصی دعوت پر شرکت کرنی تھی۔ ان کی عدم موجودگی سے ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ براہ راست ملاقات کا امکان ختم ہوگیا ہے۔














