امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران سے معاہدہ مکمل نہیں ہوا، کسی کو ڈیل کی معلومات نہیں۔ ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ امریکا معاہدے میں رکاوٹ بنا ہوا ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناؤ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک کسی نے ہماری ڈیل نہیں دیکھی اور نہ ہی کوئی اس کے بارے میں جانتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ ابھی تک مکمل طور پر طے نہیں ہوا ہے۔ جو لوگ اس پر تنقید کر رہے ہیں، وہ ایسی چیز پر اعتراض کر رہے ہیں جس کے بارے میں انہیں کچھ معلوم نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کا مسئلہ ان سے پہلے آنے والے امریکی صدور کو حل کرنا چاہیے تھا۔ میں نے ایران سے ڈیل کی تو وہ مکمل اور اچھی ہوگی، باراک اوباما کی ڈیل جیسی نہیں ہوگی۔
ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا معاہدے کے چند نکات کی راہ میں رکاوٹ بنا ہوا ہے۔ واشنگٹن ایران کے منجمد اثاثوں کو جاری کرنے پر تیار نہیں ہے۔
واضح رہے کہ معاہدہ کینسل ہونے کے امکانات اب بھی موجود ہیں، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔













