سعودی عرب نے ٹرمپ کے ایران پر حملہ مؤخر کرنے کے فیصلے کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی اہم پیش رفت قرار دیا۔
ریاض: (رائیٹ ناؤ نیوز) سعودی عرب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران پر حملہ مؤخر کرنے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مذاکرات کو وقت دینے کا بہترین اقدام ہے۔
سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں اس فیصلے کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام سفارتی حل کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ حملے مؤخر کرنے سے مذاکرات کے لیے وقت میسر آئے گا، جو خطے میں امن کی بحالی اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی آزادی کو یقینی بنا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے ایران سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ مذاکرات کی کوششوں کا فوری اور مثبت جواب دے تاکہ جامع معاہدے تک پہنچا جا سکے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات آخری مراحل میں ہیں، لیکن تہران کے معاہدہ نہ کرنے کی صورت میں مزید کارروائی ممکن ہے۔














