ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکی دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کسی دباؤ کے آگے نہیں جھکے گا، اور اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
تہران: (رائیٹ ناؤ نیوز) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جنگی دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کسی دباؤ یا دھمکی کے آگے نہیں جھکے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تہران واشنگٹن کے ساتھ تنازع کے حل کے لیے اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق، ایرانی صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ دشمن تین دن میں ایران کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے میں ناکام رہا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب ایرانی عوام اور حکام کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ امریکا نے جنگ مسلط کرکے بھی دیکھ لیا، مگر ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام متحد ہیں اور رہیں گے، دشمن کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائیں گے۔
انہوں نے امریکی اقدامات کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا نے بغیر کسی جواز کے ایرانی رہنماؤں اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور اسرائیل نے فروری میں ایران کے خلاف جنگ شروع کی تھی، جس پر ایران نے جوابی کارروائیاں کیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی ثالثی میں جنگ بندی عمل میں آئی، تاہم واشنگٹن اور تہران کے مذاکرات کسی معاہدے تک نہ پہنچ سکے۔ ایرانی صدر نے کہا کہ ایران اس وقت تک مذاکرات کی میز پر واپس نہیں آئے گا جب تک امریکا اس کے مطالبات تسلیم نہیں کرتا۔













