بابر اعظم نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پارٹنرشپ کی ناکامی کو اننگز کا ٹرننگ پوائنٹ قرار دیا۔
سلہٹ: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ ہر سیریز، ہر میچ اور ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ٹیم اس ذہنیت کے ساتھ نہیں جاتی کہ وہ اچھا نہیں کھیلے گی۔
بابر اعظم نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے بعد میڈیا کو بتایا کہ پچ اچھی ہے مگر پارٹنرشپ بنانے میں ناکام رہے۔ انہوں نے سلمان آغا کے ساتھ پارٹنرشپ کی کوشش کی جس کا آغاز اچھا تھا مگر کامیاب نہیں ہو سکے۔
بابر نے کہا کہ نیچرل گیم کھیلنے کی کوشش کی، کبھی رنز بن جاتے ہیں اور کبھی نہیں۔ اننگز کا ٹرننگ پوائنٹ میری اور سلمان کی وکٹیں تھیں جس سے گیم کا مومینٹم تبدیل ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلسل کرکٹ کھیلنے کے باوجود کوئی دماغی رکاوٹ نہیں ہے، لیکن پارٹنرشپ نہیں بن پا رہیں۔ بیٹنگ یونٹ کو ذمہ داری لینی ہوگی اور مزید پارٹنرشپ بنانی ہوں گی۔
واضح رہے کہ سلہٹ میں جاری دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 232 رنز پر آؤٹ ہوگئی جبکہ بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں 110 رنز بنائے اور پاکستان پر 156 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔















