مہمند اور داسو ڈیمز کی لاگت میں اضافہ قومی اسمبلی میں پیش، مقامی ترقیاتی فنڈز بھی بڑھے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) مہمند اور داسو ڈیمز کی تعمیراتی لاگت میں کھربوں روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ وزارت آبی وسائل نے اس اضافے کی دستاویزات قومی اسمبلی میں پیش کی ہیں۔
دستاویزات کے مطابق مہمند ڈیم کی لاگت 309 ارب سے بڑھ کر 665 ارب 74 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ داسو ڈیم کی تعمیراتی لاگت میں بھی اضافہ ہو کر 17 کھرب 37 ارب روپے ہوگیا ہے۔
مہمند ڈیم کا نظرثانی شدہ پی سی ون وزارت منصوبہ بندی میں منظوری کے مراحل میں ہے۔ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دوسرا نظرثانی شدہ پی سی ون دسمبر 2025 میں منظور کیا گیا تھا۔
مہمند ڈیم کے لیے مقامی آبادی کی ترقی کے فنڈز 16 کروڑ سے بڑھا کر ساڑھے 4 ارب روپے کر دیے گئے ہیں۔ داسو ڈیم پراجیکٹ میں مقامی آبادی کے لیے مختص رقم 7 ارب سے بڑھا کر 57 ارب روپے کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مہمند اور داسو ڈیمز پاکستان کے اہم آبی منصوبے ہیں جو ملک کی پانی کی ذخیرہ اندوزی کی صلاحیت میں اضافہ کریں گے۔












