ای بائیک اسکیم میں بینکوں کی کم دلچسپی، 91 فیصد درخواستیں مسترد، حکومت پالیسی میں تبدیلیاں کرنے پر مجبور۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیراعظم کی رعایتی ای بائیک اسکیم کو کمرشل بینکوں کی عدم دلچسپی کا سامنا ہے۔ بینکوں نے 44 ہزار 689 درخواستوں میں سے صرف 4 ہزار 75 منظوری دی ہے۔
حکومت نے کم منظوری کی وجہ سے پالیسی میں بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان ایکسیلیریٹڈ وہیکل الیکٹریفکیشن پروگرام میں ترامیم کی منظوری دی ہے۔
حکام کے مطابق، بینکوں نے مجموعی درخواستوں کے صرف 22 فیصد پراسیس کی ہیں، جس سے اسکیم کا سالانہ ہدف متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
حکومت نے رواں مالی سال 1 لاکھ 19 ہزار 170 ای بائیکس اور رکشوں کا ہدف مقرر کیا تھا۔ اب تک صرف 5 ہزار 409 ای بائیکس اور رکشوں کی منظوری دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اسکیم کے لیے پٹرول اور ڈیزل پر 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر کلائمیٹ سپورٹ لیوی وصول کی جا رہی ہے۔ آئی ایم ایف معاہدے کے تحت جولائی سے یہ لیوی دوگنا ہونے کا امکان ہے۔















