اسلام آباد ہائی کورٹ نے ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کیس میں بی این پی کی لیز منسوخی برقرار رکھی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے بی این پی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی لیز منسوخی کے خلاف درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔
عدالت نے سی ڈی اے کی جانب سے 8 مارچ 2023 کو جاری کردہ لیز منسوخی کے حکم کو قانونی قرار دیا ہے۔ چیف جسٹس نے بی این پی کی ایگزیکیوشن پٹیشن بھی خارج کر دی ہے۔
عدالت نے تیسرے فریق کی درخواستیں نمٹا دی ہیں اور انویسٹرز کو اپنے حقوق کے لئے متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے کہا کہ بی این پی لمیٹڈ نے مالیاتی شرائط کی پاسداری نہیں کی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ بی این پی لمیٹڈ 2022 کی قسط کے 2.916 ارب روپے جمع کرانے میں ناکام رہی۔ سی ڈی اے کی لیز منسوخی سپریم کورٹ کے احکامات کے عین مطابق ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 9 جنوری 2019 کو لیز بحال کرتے ہوئے 17.5 ارب روپے کی ادائیگی کا حکم دیا تھا۔ بی این پی نے 2021 کی قسط دی لیکن 2022 کی قسط کی ادائیگی میں ناکام رہا۔















